جیل وارڈرز کی بھرتی سے پابندی اٹھانے ،2 سیشن کورٹس کی منظوری

24 نومبر ، 2022

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی نے جیل وارڈرز کی بھرتی پر پابندی اٹھانے، دو تحصیلوں میں سیشن کورٹس اور مختلف علاقوں میں ہائی سکیورٹی زونز کے قیام سمیت متعدد امور کی منظوری دے دی ہے۔ چیئرمین ووزیر پارلیمانی امو محمد بشارت راجہ نے بذریعہ ویڈیو لنک راولپنڈی سے صدارت کی۔ ضلع بھکر کی تحصیل دریا خان، اور ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل چوک سرور شہید میں سیشن کورٹس کے قیام کی منظوری دی۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب کی جیلوں میں ہندو، سکھ اور مسیحی قیدیوں کو اپنے عقیدے کے تعلیمی کورسز کرنے پر سزا میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ۔ جیلوں میں وارڈرز کی کمی دور کرنے کے لئے بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے ۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب چیریٹیز ایکٹ کے تحت چیریٹیز کمیشن کی تشکیل نو، راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے قیام، پنجاب کے شہروں لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں 3 خودمختار اینوائرنمنٹل ٹربیونل قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پانچ ارکان کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔