آزادی صحافت کیلئے صف اول میں کھڑاپائیں گے،سپیکر پنجاب اسمبلی

24 نومبر ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کی سربراہی میں مستحکم پارلیمان پروگرام کی پنجاب اسمبلی میں میٹنگ ہوئی۔ مستحکم پارلیمان پروگرام کے ٹیم لیڈر کرسٹوفر شیلڈز اورسیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک نے شرکت کی۔اس موقع پر سپیکر محمد سبطین خان نے کہا کہ پریس گیلری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے مجھے صف اول میں کھڑا پائیں گے۔ پریس گیلری کمیٹی کے بنا اسمبلی سیکرٹریٹ ادھورا ہے۔پنجاب اسمبلی سے متعلق خبروں کی اشاعت پرخصوصی توجہ دیں۔اس موقع پر سیکرٹری مستحکم پارلیمان پروگرام کے ٹیم لیڈر کرسٹوفر شیلڈز نے کہا کہ پارلیمانی صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں گے اور ملک کی دیگر اسمبلیوں کا دورہ کروائیں گے۔ بعدازاں صدر پریس گیلری کمیٹی اخلاق احمد باجوہ نے پریس گیلری کے مسائل بیان کئے۔میٹنگ میں سیکرٹری پریس گیلری کمیٹی حسان احمد، سینئر صحافی ایاز شجاع، حافظ نعیم ، شفیق شریف ، ڈاکٹر سیدپرویز عباس ،فیصل بٹراور مسعود سلطان بھی شریک ہوئے۔