ضلعی انتظامیہ اورپولیس کابھکاریوں کے خلاف ملکرمہم چلانے کافیصلہ

24 نومبر ، 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پولیس کے ساتھ ملکر بھکاریوں کےخلاف مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی سی نے اسسٹنٹ کمشنرز کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے۔ انہوں نے کینال، جوہر ٹاو ن، مال روڈ، فیروز پور روڈ اور اہم شاہراہوں پر بھکاریوں کو فوری طور پر اٹھوانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ انہوں نے پیشہ ور بھکاریوں کو مختلف پوائنٹس پر ڈراپ کرنے والی گاڑیوں کو پکڑنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ڈی سی نے کہا کہ شہر کے سگنلز پر تعینات وارڈنز اور ٹریفک پولیس بھکاریوں کو سگنل پر کھڑا نہ ہونے دیں۔ ڈی سی نے کہا کہ پولیس کے دو سکواڈ سوشل ویلفیئر اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ ملکر کام کریں گے ۔