روسی فوج کو گولہ بارود کی قلت کا سامنا ہے، امریکا

24 نومبر ، 2022

امریکی فوجی طیارے سے (اے ایف پی) امریکا کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ روسی فوج کو گولہ بارود کی بڑی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث یوکرین میں جاری روسی آپریشنز متاثر ہورہے ہیں۔ امریکی فوجی طیارے میں موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹن نے کہا کہ یوکرین جنگ کے آغاز سے ہی روس کو لاجسٹکس میں مشکلات کا سامنا ہے اور بدستور وہ اس کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ماسکو کو توپخانے کے گولہ بارود کی بڑی قلت کا سامنا ہے، انہوں نے بتایا کہ یوکرین نے ماسکو کے اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنایا ہے جس کے باعث روسی افواج کو گولہ بارود کی مزید قلت کا سامنا ہے۔ آسٹن نے بتایا کہ روسی فورسز بڑے پیمانے پر توپخانے اور گولہ باری پر انحصار کرتی ہے اور اس کے بعد ہی زمین پر کارروائی کرتی ہے۔ اس طرز کی کارروائی کیلئے گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ درکار ہوتا ہے۔