امریکی سپریم کورٹ نے کمیٹی کو ٹرمپ کے ٹیکس گوشواروں تک رسائی دیدی

24 نومبر ، 2022

واشنگٹن(جنگ نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشکلات بڑھنے لگیں، امریکی سپریم کورٹ نے ہائوس پینل کمیٹی کو ٹرمپ کے ٹیکس گوشواروں تک رسائی دے دی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی صدارت کے دوران ٹیکس گوشوارے جاری کرنے سے انکار کیا تھا۔ہائوس کمیٹی 2015 سے 2020کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور ان سے منسلک کاروبار کے مالی گوشواروں کی چھان بین کر رہی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کے جج مین ہٹن نے سابق امریکی صدر کے خلاف کیس کی تاریخ دے دی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے تین بچوں کے خلاف دھوکہ دہی کیس کی سماعت 2اکتوبر 2023کو ہو گی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور ان کے خاندان کے افراد نے مالی فوائد کے لیے جائیدادوں کی اصل قیمت سے متعلق غلط بیانی کی۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ فراڈ کا مقدمہ سیاسی طور پر بنایا گیا ہے، پراسیکیوٹر دفتر کو کیس میں کرمنل چارجز فائل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔