مقبوضہ بیت المقدس،2بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک،14 زخمی

24 نومبر ، 2022

مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی، جنگ نیوز) مقبوضہ بیت المقدس میں دو علیحدہ مقامات پر بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوگئے، دھماکوں میں بس اسٹیشنز کو نشانہ بنایا گیا، حماس کی جانب سے حملوں کی ستائش ، ذمہ داری قبول کرنے سے انکار ۔ پہلا دھماکا مقبوضہ بیت المقدس کے مغربی خارجی راستے میں بس اسٹاپ پر ہوا جبکہ دوسرا دھماکا کچھ فاصلے پر ایک اور بس اسٹاپ پر ہوا جہاں ایک بس کو نقصان پہنچا اور تین افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوا نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام اور مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے عوام کو بس اسٹاپ پر بہادرانہ خصوصی آپریشن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔یورپی یونین میں اسرائیل کے سفیر نے کہا کہ بم دھماکے انتہائی خوفناک تھے۔اسرائیلی پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔مقبوضہ بیت المقدس کے شائر زیڈک اسپتال نے بتایا کہ پہلے دھماکے کا ایک زخمی دم توڑ گیا جبکہ تشویش حالت میں ایک اور زخمی شخص زیر علاج ہے، دھماکے سے دو افراد شدید زخمی ہوئے اور دو افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔وزیر پبلک سکیورٹی عمر بار لیو نے بتایا کہ یہ دھماکے کئی ماہ کی اس کشیدگی کا حصہ ہیں ۔