فارن فنڈنگ ،توشہ خانہ کا پھندا عمران نیازی کے گلے پڑے گا، اختیار ولی

24 نومبر ، 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی ترجمان اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی اربوں روپے کی کرپشن فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کے قیمتی تحائف ہڑپ کرنے کا پھندا عمران نیازی کے گلے تک پہنچنے والا ہے بی آر ٹی بلین ٹریز و مالم جبہ سکینڈل میں ہونے والی کرپشن کا پھندا پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز خٹک کے گلہ تک پہنچنے والا ہے۔ عمران نیازی سزا سے بچنے اور این آر او کے لئے دبائو ڈال رہے ہیں لیکن عمران نیازی کو نہ تو ڈھیل ملے گی اور نہ ہی این آر او دیا جائے گا۔ اختیار ولی خان نے نوشہرہ ہائوس میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی اب خوش فہمی میں مبتلا ہے کہ ان کے لانگ مارچ میں لاکھوں لوگ شرکت کریں گے اور پورے ملک کو بلاک کر دیا جائے گا لیکن عوام نے فسادی مارچ کو مسترد کر دیا اور لانگ مارچ میں بہت کم تعداد میں لوگو ں کی شرکت سے لانگ مارچ ناکام ہو گیا لانگ مارچ کی ناکامی پر عمران رسوائی سے بچنے کا راستہ نکال رہا ہے لیکن انہیں رسوائی سے بچنے کا راستہ نہیں مل رہا عمران نیازی کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا اور ان کے اربوں روپے کی کرپشن یہودیوں بھارتیوں و غیر ملکی اداروں سے فنڈز لیکر ملک میں فساد پھیلانے اور توشہ خانہ کے قیمتی تحائف ہڑپ کرنے کا حساب لیا جائے گا۔