سٹاک مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ ،انڈیکس 48پوائنٹ گر گیا

24 نومبر ، 2022

لاہور (سودی) گزشتہ روز دن بھر کے اتار چڑھائو کے بعد سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مندے پر ہوا۔ آخر میں بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی سمیت انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی کم ہو گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا پھر اتار چڑھائو اور اس کے بعد شروع ہونے والا پریشر آخر تک جاری تھا۔ اس دوران انڈیکس میں 109 پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 141پوائنٹ کی کمی بھی۔ گزشتہ روز زیادہ تر پریشر پرافٹ ٹیکنگ کا تھا۔ اس سے قبل دو دن کی تیزی کے دوران خریداری کرنے والوں نے سیل کرکے پرافٹ بک کر لیا۔ اسی طرح پاور سیکٹر کی ایک کمپنی کے اعلان پر مختلف اندازے اور قیاس آرائیاں ہوتی رہیں جس سے سیلنگ پریشر میں اضافہ ہوا دیگر اثر انداز ہونے والے عناصر میں ملکی سیاسی صورتحال ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر مزید کم ہونا، آرمی چیف کی تعیناتی پر قیاس آرائیاں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنے سے آئل سیکٹر کی کمپنی کا متاثر ہونا شامل تھے۔ اسی طرح جمعہ کے روز آنے والی سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی اور آرمی چیف کی تعیناتی کے انتظار میں سرمایہ کاروں اور اداروں نے بھاری خریداری کے فیصلے موخر رکھے جس سے کاروباری حجم میں کمی رہی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 48 پوائنٹ کم ہو کر 42880 پر آ گیا۔ 144 کمپنیوں میں اضافہ، 191 میں کمی، 21 میں استحکام رہا۔ 13کروڑ 85 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔