ملک میں سکرین ٹورازم کے فروغ کی ضرورت ہے،وزیراطلاعات

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ملک میں سکرین ٹورازم کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سکرین ٹورازم اہم مقام حاصل کر چکی ہے، سکرین ٹورازم کے ذریعے ہم نہ صرف اپنی کہانی بیان کر سکتے ہیں بلکہ اپنی ثقافت اور معاشرتی اقدار کو بھی فروغ دے سکتے ہیں، سرکاری ٹی وی فلم اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کے درمیان ”نقش ڈیجیٹل فلم” کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کی فلم انڈسٹری نے بہت کٹھن حالات کا سامنا کیا، 60ء کی دہائی میں پاکستان جنوبی ایشیاء میں فلمسازی کے لحاظ ایک بڑا ملک ہونے کیساتھ ساتھ اپنے ہمسایہ ملک کے مقابلے میں فلمی صنعت کا سب سے بڑا پروڈیوسر ملک تھا،پاکستان میں تیس سے چالیس سال میں فلم انڈسٹری تقریباً ختم ہو چکی تھی گزشتہ دس سال میں فلم انڈسٹری دوبارہ بحالی کی جانب گامزن ہوئی، مسلم لیگ ن کی حکومت نے2018ء میں پاکستان کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر فلم اینڈ کلچر پالیسی کا اجراء کیا پالیسی پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تیار کی گئی تھی یہ ہمارانامکمل ٹاسک تھا جو اپریل 2022ء میں دوبارہ شروع کیا ، فلم انڈسٹری کا فروغ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ، فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے حکومت نے ٹیکس زیرو کر دیا ہے، حکومت فلم فنانس فنڈ تشکیل دے رہی ہے جس میں نوجوان فلمسازوں کو آسان رسائی دستیاب ہوگی فنڈ کے ذریعے نوجوانوں کو قرضوں کےبجائے گرانٹ فراہم کی جائیگی جبکہ اس فنڈ میں کارپوریٹ سیکٹر کو بھی پہلی مرتبہ انگیج کیا گیا ہے، کوئی بھی کارپوریٹ لسٹڈ کمپنی فلم کی تیاری کیلئے اس فنڈ میں حصہ لے گی تو اس سے ہونیوالی آمدن ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی، فلم انڈسٹری کیلئے کیمرے، آلات، سینما آلات سمیت دیگر ایکوئپمنٹس کی درآمد پر کوئی ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹی نہیں ہے، نئے سینما گھروں کی دس سال تک آمدن پر بھی کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، کارپوریٹ سیکٹر فلم لیب اور سٹوڈیوز میں سرمایہ کاری کریگا تو اسکی آمدن پر بھی ٹیکس استثنیٰ دیا گیا ہے،یہ صرف پالیسی کا اعلان نہیں اسپر عمل درآمد بھی ہو رہا ہے فاطمہ جناح یونیورسٹی کی جانب سے نقش ڈیجیٹل فلم جیسے اقدامات سے پاکستان میں فلمی صنعت کو فروغ ملے گا ایسے پروگرام پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتے ہیں، نوجوانوں کو فلمسازی میں تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے،فاطمہ جناح یونیورسٹی کے نقش ڈیجیٹل فلم کیلئے پی ٹی وی ہر ممکن سہولیات فراہم کریگا ، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان یونیورسٹی کے پروگرام کیلئے اپنا پلیٹ فارم مہیاکرینگے،سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان نے کہا کہ وزیر اطلاعات کی کاوشوں سے پی ٹی وی نے کم وقت میں شارٹ فلموں کی تیاری کاآغاز کر دیا ہے ہمیں یونیورسٹیوں اور کالجوں میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں، مفاہمت کی یادداشت پر پی ٹی وی فلمز کی ہیڈ مس نریتا اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کی ڈیپارٹمنٹ آف انگلش کی چیئرپرسن ڈاکٹرثروت رسول نے دستخط کئے۔