اراکین سینیٹ و اسمبلی کو 31دسمبر تک اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانا ہونگے

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے سینٹ‘ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کو 30جون 2022ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے اثاثہ جات کے گوشوارے 31دسمبر تک جمع کرانے کا کہہ دیا ہے۔ پولیٹیکل فنانس ونگ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آئین اور قانون کے مطابق 31دسمبر اراکین اسمبلی و سینٹ کیلئے اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانا ہوتے ہیں۔ یکم جنوری 2023ء کو الیکشن کمیشن کا پولیٹیکل فنانس ونگ ایک اعلامیہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 137(3) کے تحت گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کے ناموں کی فہرست مشتہر کرے گا اور پندرہ دن کی مہلت دیگا‘ جو رکن اسمبلی و سینٹ 15جنوری 2023ء تک اثاثہ جات کے گوشوارے الیکشن کمیشن کے پاس جمع نہ کرائیں گے تو اُس رُکن یا اراکین سینٹ و اسمبلی کی ممبر شپ معطل کر دی جائیگی اور یہ اُس وقت تک معطل رہے گی جب تک متعلقہ رکن یا ارکان اثاثہ جات کے گوشوارے الیکشن ایکٹ کے تحت جمع نہیں کرا دیں گے۔