چینی کی قلت نہیں‘ پنجاب شوگر انڈسٹری اور نیشنل فوڈ سکیورٹی کا مشترکہ موقف

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان شوگر انڈسٹری کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت بارہ لاکھ ٹن فاضل چینی موجود ہے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون اور وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کا یکساں موقف ہے کہ ملک میں چینی کی قطعاً کوئی قلت نہیں۔ شوگر انڈسٹری تقریباً ایک سال سے حکومت کو بار بار بتاتی چلی جا رہی ہے کہ اس اضافی چینی کو برآمد کر کے ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ زرمبادلہ حاصل کر لے تاکہ شوگر ملیں بروقت کرشنگ کا آغاز کر سکیں اور کسانوں کو ادائیگیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔ موجودہ مقدار بارہ لاکھ ٹن کا تعین ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ دیگر حکومتی اداروں نے بھی اسکی تصدیق کی ہے کہ شوگر انڈسٹری کے پاس بارہ لاکھ ٹن فالتو چینی موجود ہے مگر ابھی تک اس سرپلس چینی کو برآمد کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ بھارت نے 60لاکھ ٹن چینی برآمد کر لی ہے اور باقی چینی بنانے والے ممالک خصوصاً برازیل بھی اپنی ضروریات سے اضافی چینی برآمد تیزی سے کر رہے ہیں۔