شوگر مشاورتی بورڈ آج برآمد اور اسٹاکس بارے اہم سفارشات تیار کریگا

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی‘ وزارت تجارت‘ وزارت صنعت و پیداوار کے وزراء‘ وفاقی سیکرٹریز‘ ایف بی آر کے چیئرمین‘ شوگر انڈسٹری کے مرکزی چیئرمین‘ سندھ‘ پنجاب‘ خیبر پختونخوا کے زونل چیئرمین‘ انجمن کاشت کاران‘ چاروں صوبوں کے کین کمشنرز کا مشترکہ اجلاس شوگر ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین طارق بشیر چیمہ کی صدارت میں آج ہو رہا ہے۔ اجلاس کے شرکاء پاکستان سے دس لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کے شوگر انڈسٹری کے بنیادی مطالبے‘ ملک میں چینی کی دستیاب مقدار‘ نئے کرشنگ سیزن کے کوائف کے بارے میں گہرائی میں جا کر مشاورت کرینگے۔ شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں جس کے چیئرمین طارق بشیر چیمہ تمام فریقین کا نکتہ نگاہ سننے کے بعد وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار کو اپنی سفارشات بھجوائیں گے جو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اس پر غورو خوص کر کے کابینہ ڈویژن کے ذریعے شوگر انڈسٹری کے مسائل کے منصفانہ حل کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس اس سمری کی منظوری دیگا۔