لانگ مارچ راولپنڈی پہنچتے ہی ختم ، 90فیصد امکان ،عمر سرفراز چیمہ

24 نومبر ، 2022

لاہور(آصف محمود بٹ سے) انتہائی معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا ہےکہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور ممکنہ دھرنے کے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے رات گئے کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں مشیر داخلہ عمر سرفرازچیمہ نے کہا کہ 80سے90فیصد امکان ہےکہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 26نومبر کو راولپنڈی پہنچتے ہی ختم ہوجائیگا اور مظاہرین منتشر ہو جائیں گے۔ نئی صورتحا ل میں پنجاب حکومت کو پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے بھی کہا گیا ہے کہ پاور شو اسی روز ختم ہونے کا امکان ہے اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے بعد ٹیسٹ سیریز سے قبل راولپنڈی سٹیڈیم میں 28سے30نومبر تک پریکٹس اور پھر یکم سے 5دسمبر کے میچ کے دوران سیکورٹی کے حوالے سے بھرپور تعاون کیا جائیگا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی کے حوالے سے بعض حکام کی طرف سے تحفظات کا اظہار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کرکٹ سٹیڈیم سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر خیمہ بستی لگانا چاہتی ہے ایک وقت میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم اور احتجاج میں شامل لوگوں کی سیکورٹی مشکل ہو جائے گی جس کے لئے راولپنڈی پولیس کی نفری کافی نہیں۔اس کے لئے لاہور سمیت دوسرے اضلاع سے پولیس بلوانا پڑے گی اور خدانخواستہ کسی ناخوشگوار واقع کی صورت میں پاکستان میں کئی سالوں بعد شروع ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے یہ 100فیصد گارنٹی نہیں دی گئی کہ احتجاج پر امن ہوگا اور 26نومبر کے روز ہی ختم ہو جائیگا لہذا سیکورٹی کے لئے ہنگامہ پلان مرتب کرنا بہت ضروری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گرائونڈ شکرپڑیاں میں لینڈ کرنے کے اجازت نہ ملنے کی صورت میں مری روڈ راولپنڈی میں واقع بارانی یونیورسٹی میں ہیلی پیڈ بنایا جائیگا جو کہ احتجاج کی ممکنہ جگہ کے بہت قریب ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو تاحال جلسہ یا احتجاج کے لئے پی ٹی آئی کی کسی قیادت کی طرف سے دستخط شدہ درخواست بھی موصول نہیں ہوئی۔