فٹبال ورلڈکپ، ایک اور اپ سیٹ ،جاپان نے 4بار کی ورلڈ کپ چمپئن جرمنی کو شکست دیدی

24 نومبر ، 2022

لاہور،کراچی (نیوزرپورٹر،نمائندہ جنگ) فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے جاپان نے سابق عالمی چیمپئن جرمنی کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ کردیا۔ سعودی عرب کے ہاتھوں ارجنٹائن کی شکست کے بعد چار بار عالمی چیمپئن رہنے والی اور عالمی رینکنگ میں گیارہ نمبر پر براجمان ٹاپ کھلاڑیوں پر مشتمل جرمنی کو عالمی نمبر 24جاپانی ٹیم نے زیر کرکے آئندہ میچز کیلئے نسبتاً کمزور ٹیموں کو پیغام دے دیا ہے کہ اگر محنت اور بھرپور لگن سے جیت کیلئے میدان میں اترا جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی ٹیم کو بھی شکست دی جاسکتی ہے، خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں گروپ ای کے میچ میں جرمن کھلاڑیوں نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے ہاف میں جاپان کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پر دبائو رکھا ۔ دوسرے ہاف میں جاپانی ٹیم نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی اور واپس آتے ہی جرمنی پر دبائو بڑھایا۔ میچ کے 75 ویں منٹ پر جاپان کے رستو ڈوان نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ 1-1سے برابر کردیا۔ مقابلہ برابر ہونے پر جرمنی اسٹرائیکر نے میچ میں آنے کی پوری کوشش اور گول کرنے کی کوشش کی لیکن تکوما آسانو نے 83ویں منٹ میں گول کرکے نہ صرف جاپان کی برتری کو ڈبل کیا بلکہ اسے میچ میں فتح دلوا دی۔ اس سے قبل 2018 کی فائنلسٹ کروشیا اور مراکش کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دریں اثنا فیران ٹوریس کی عمدہ کارکردگی کی بدولت اسپین نے کوسٹا ریکا کو سات صفر کی شکست دیکر میگا ایونٹ میں اب تک کی سب بڑی فتح حاصل کرلی۔گزشتہ روزکےچوتھے میچ میں بیلجیم نےکینیڈاکوایک صفرسے ہرادیا۔