راستہ درست کرلینا ہی آگے بڑھنے کا طریقہ، اسٹیبلشمنٹ کا کردار اہم، فواد چوہدری

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جو بھی آرمی چیف لگے گا وہ پاکستان کا آرمی چیف ہوگا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس منصب کو غیر متنازع رکھنے کی پوری کوشش کی ہے اور آئندہ بھی کرے گی،پی ٹی آئی کو کسی نام پر تحفظات نہیں، مسئلہ لگنے والوں کی میرٹ کا نہیں لگانے والوں کی میرٹ کا ہے۔پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ نے اپنا رول بہت بڑھایا ہوا ہے، جس کی وجہ سے فیصلوں میں بھی اثر آتا ہے،ادارہ غیر سیاسی ہونے کی خواہش رکھتا ہے تو یہ بڑی مثبت بات ہوگی،راستہ درست کرلینا ہی آگے بڑھنے کا طریقہ، اسٹیبلشمنٹ کا کردار اہم ہے،ادھر ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی اٹلی سے تصاویر عدالتی نظام کی بے بسی کا اظہار ہے۔ ایک سزا یافتہ شخص جس کا ضمانتی ہمارے سسٹم نے وزیر اعظم بنا دیا،ضمانتی وزیر اعظم پورے نظام کا منہ چڑا رہا ہے،اس جرم میں شریک لوگ پاکستان کا سب سے طاقتور مافیا ہیں۔ اس مافیا کی شکست سے ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بند دروازوں کے قوانین اب بیکار ہو گئے ، اصلاح ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے ، اسٹیبلشمنٹ کا کردار اہم مگر خود مختاری عوام کی ہے پاکستان کی 66 فیصد آبادی 28 سال سے کم عمر ہے۔ بڑھتے ہوئے متوسط طبقے اور انٹرنیٹ کی رسائی نے بنیادی اصول بدل دیے ہیں۔