ممنوعہ فنڈنگ کیس،عمران خان و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (آئی ا ین پی ) بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ اور فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر کر دی،عدالت نے عمران خان اور فیصل مقبول کی طبی بنیادوں پر استثنی کی درخواست منظور کر لی ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ اور فارن ایکسچینج کیس کی سماعت کی، پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا کی جانب سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔ عمران خان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پہلے عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں، طبعیت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہو سکے، آج کا استثنی دیا جائے۔ عدالت نے عمران خان اور فیصل مقبول کی طبی بنیادوں پر استثنی کی درخواست منظور کر لی جبکہ بینکنگ کورٹ کیس میں دیگر شریک ملزمان سردار اظہر، سید یونس، حامد زمان، طارق شفیع، سیف اللہ نیازی،عامر محمود کیانی کی بھی ضمانتوں میں توسیع کی گئی ہے۔