اعتماد ہے آئندہ سیاست میں فوج کی مداخلت نہیں ہوگی،شاہدخاقان

24 نومبر ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ صدر مملکت کے پاس مشاورت یا پس و پیش کی کوئی گنجائش نہیں ہے، مجھے اعتماد ہے آئندہ سیاست میں فوج کی مداخلت نہیں ہوگی،قمر زمان کائرہ نے کہا کہ صدر مملکت نیوٹرل رہتے ہوئے پارٹی سربراہ سے کیسے مشاورت کرسکتا ہے؟ شاہد خاقان عباسی نے کہا صدر عارف علوی نے ماضی میں ہمیشہ ایسے معاملات میں پس و پیش سے کام لیا ،حکومت چاہتی ہے کوئی قانونی سقم ہے تو سمری بھیجنے سے پہلے دور کرلیا جائے ،جنرل باجوہ نے غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اگلی قیادت کیلئے سمت بھی واضح کردی ہے ، امید ہے نئے آرمی چیف ان باتوں سے ڈائریکشن حاصل کر کے ان غلطیوں سے بچیں گے، یہ عمران خان کی خام خیالی ہے کہ فوج مداخلت کر کے انہیں جلد الیکشن دلوائے گی، قمر زمان کائرہ نے کہا صدر مملکت سمری منظور نہیں کرتے تو ہم بھی کچھ سوچ کر بیٹھے ہوں گے، صدر مملکت سمری روک لیتے ہیں تو سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرل کو عبوری آرمی چیف بنایا جاسکتا ہے، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وزیراعظم موجودہ آرمی چیف کو نیا آرمی چیف آنے تک کام جاری رکھنے کا کہہ دیں۔ ، آج اگر آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور فوج کا ترجمان کہہ رہا ہے کہ فوج نے آئندہ سیاسی مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تو ہمارے پاس اس پر اعتبار کرنے کے سواکیا راستہ ہے ، عمران خان فوج، عدلیہ، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن اور میڈیا کے ایک بڑے حصے سے لڑ رہے ہیں۔ RUDAکے سی ای او عمران امین نے کہا کہ راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے ساڑھے چار ہزار ایکڑ زمین حاصل کی گئی تھی، اس میں 3ہزار 200 ایکڑ دریا کے اندر جبکہ 1300ایکڑ باہر ہے، دریا کی لمبائی کیلئے بیراجز بنائے جائیں گے وہاں کسی کو ڈویلپمنٹ کی اجازت نہیں ،نمائندہ خصوصی جیو نیوز اعزاز سید نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں کا اجلاس مینوفیکچرڈ اوپنین لینے والی تھی، توقع تھی کہ وزیراعظم اتحادیوں کے اجلاس میں نئے آرمی چیف کا نام بتائیں گے لیکن نہ وزیراعظم نے نام بتایا نہ کسی اتحادی نے ان سے پوچھا، آصف زرداری نے اجلاس میں آتے ہی خطاب کردیا کہ ہم وزیراعظم پر پورا اعتماد کرتے ہیں ، خالد مگسی نے اتنا ضرور کہا کہ وزیراعظم صاحب پوری قوم انتظار کررہی ہے اب نیا آرمی چیف لگادیں، محسن داوڑ نے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ آرمی چیف کیلئے تمام چھ امیدواروں کے انٹرویو کرلیں ،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیے میں کہا جی ایچ کیو میں یوم شہداء کی پوری تقریب میں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا آرمی چیف کے ساتھ تھے جو آرمی چیف بننے کی سینیارٹی لسٹ میں دوسرے نمبر پر ہیں ،تجزیے میں مزید کہا کہ عمران خان اپنے دور میں مسلسل ریئل اسٹیٹ کو ایمنسٹی اسکیم دینے، پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافے کا فخر سے بتاتے یہاں تک کہ فرح گوگی کے اثاوں میں اضافے کو بھی اپنے دور میں پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ قرار دینے کے بعد اب عمران خان ریئل اسٹیٹ کو ملک کا سب سے بڑا مافیا کہہ رہے ہیں ، شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کے خلاف صرف گھڑیوں کا اسکینڈل ہے، حالانکہ یہ پچاس ارب روپے کا اسکینڈل کسی بھی وزیراعظم کیخلاف ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، عمران خان جسے آج ریئل اسٹیٹ مافیا کہہ رہے ہیں اسے سب سے زیادہ فائدہ بھی خود انہوں نے پہنچایا، عمران خا ن نے 2020ء میں اپنی حکومت کے دوران دریائے راوی کے کنارے نیا شہر آباد کرنے کے نام پر راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ کے نام سے ایک پراجیکٹ کا افتتاح کیا جس کی لاگت 20ارب ڈالرز بتائی گئی، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ریئل اسٹیٹ کے مارکیٹنگ ایجنٹ بن کر اس منصوبے کے لیے کام کرتے رہے ہیں