جاپان اور سعودی عرب کی جیت میں مماثلت، جرمنی اور ارجنٹائن جیسی بڑی ٹیموں کو آؤٹ کلاس کیا

24 نومبر ، 2022

کراچی(عبدالحفیظ نوری) دوحہ میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں حیران کن نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی عرب کے ہاتھوں دوبار کی ورلڈ چیمپئن ٹیم ارجنٹائن کے بعد بدھ کو گروپ۔ای میں جاپان نے چار مرتبہ کے عالمی چیمپئنز جرمنی کو 2-1گول سے ہرا دیا۔ سعودی عرب نے بھی ارجنٹائن کے خلاف 2-1گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بدھ کو جاپان نے جرمنی کو بھی 2-1سے ہرایا ہے۔ دونوں میچوں میں ارجنٹائن اور جرمنی پہلے برتری حاصل کرنے کے باوجود دوسرے ہاف میں دو گول کھیلنے کے باعث ہارگئے۔ ارجنٹائن کا واحد گول بھی لائنل میسی نے پہلے ہاف میں بنایا تھا۔ جرمنی کا پہلا گول بھی ان کے ترک نژاد کھلاڑی گنڈوگان نے 33ویں منٹ میں بنایا۔ لیکن جاپان کے ڈون اور متبادل اسانو نے 75ویں اور 83ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کے خسارے کو کامیابی میں بدل دیا۔ آخری لمحات میں جرمنی نے اپنے گول کیپر نائر کو بھی اسٹرائیکر بنا ڈالا لیکن وہ میچ کا نتیجہ اپنے حق میں کرنے میں ناکام رہے۔