تاریخ میں پہلی مرتبہ معذور شخص خلا نورد بن گیا، یورپی خلائی ایجنسی نے نام کا اعلان کر دیا

24 نومبر ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) یورپی اسپیس ایجنسی (ای ایس اے) نے بدھ کو دنیا کے پہلے معذور خلائی نورد کے نام کا اعلان کیا ہے، جس سے مستقبل کے خلائی مشنز کیلئے معذور افراد کو بھی اس شعبے میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ خلیجی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ای ایس اے نے برطانیہ کے پیرا لمپک اسپرنٹر جان میکفال کو فزیبلٹی اسٹڈی میں شامل کیا ہے جس کے بعد ان کی تربیت خلائی نوردوں کے ساتھ کی جائے گی۔ اس تحقیق میں اُن حالات کا جائزہ لیا جائے گا جن میں مستقبل کے خلائی مشنز میں معذور افراد کو سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 2009ء کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ای ایس اے نے خلا نوردوں کے نئے گروپ کا اعلان کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے ادارے نے ساڑھے 22؍ ہزار درخواستوں کا جائزہ لے کر اس گروپ کو منتخب کیا ہے۔ مجموعی طور پر 257؍ معذور افراد نے اس پروگرام میں شرکت کیلئے درخواست دی تھی۔ اس تحقیق کے دوران جان میکفال ای ایس اے کے انجینئرز کے ساتھ مل کر یہ سمجھنے کی کوشش کریں گے کہ آلات (ہارڈ ویئر) میں وہ کیا تبدیلیاں ضروری ہیں جن کی مدد سے پروفیشنل اسپیس فلائٹس کو بڑے اہل گروپس کیلئے شروع کیا جا سکتا ہے۔