ہائیکورٹ، باپ اور بیٹوں کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر نادرا کو نوٹس جاری

24 نومبر ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے باپ اور دو بیٹوں کو نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ جاری نہ کرنے سے متعلق درخواست پر ڈی جی نادرا، ڈائریکٹر آپریشن اور دیگر کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وضاحت پیش کرنے کا حکم دیدیا ، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو شناختی کارڈ جاری نہیں کیا گیا، درخواست گزار محمد حفیظ 80 کی دہائی میں بنگلہ دیش سے پاکستان آئے، درخواست گزار کو 1989 میں قومی شناختی کارڈ بھی جاری ہوچکا ہے، درخواست گزار محمد حفیظ نے 1996 میں رضوانہ پروین سے شادی کی ہے، ان کے 2 بیٹے مصطفٰی علی اور مرتضٰی علی ہیں۔ درخواست گزار کے شناختی کارڈ کی 2015 میں میعاد ختم ہوئی لیکن نادرا حکام شناختی کی تجدید نہیں کررہے نہ ہی بچوں کے شناختی کارڈ بنا رہے ہیں، شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے مالی اور ملازمت کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، درخواست گزار کے پاس تمام ضروری دستاویزات موجود ہیں۔