شرجیل میمن کی ریڈ لائن راہداری میں تجاوزات ہٹانے کی ہدایت

24 نومبر ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی انتظامیہ کو’’ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے‘‘ کی راہداری میں آرہیں تمام تجاوزات 7 روز میں ہٹانے کے احکامات دے دیئے۔انہوں نے کے الیکٹرک کی جانب سے یوٹیلٹیز کی منتقلی میں سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبے کی تکمیل کے لئے کے الیکٹرک اپنی ذمےداریاں بروقت ادا کرے، ریڈ لائن مفاد عامہ کا اہم منصوبہ ہے،کے الیکٹرک کی وجہ سے اس منصوبے میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے ٹرانس کراچی کو بھی ہدایت دی کہ ریڈ لائن منصوبے کےمتبادل راستوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پریشانی نہ ہو ۔وہ بدھ کو یہاں بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے سے متعلق کے الیکٹرک سمیت یوٹیلٹی کمپنیز کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سی ای او ٹرانس کراچی واصف اجلال ، کے الیکٹرک کے منیر احمد شیخ ، پی ٹی سی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔