سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کا ازالہ ابھی مکمل طور سے نہیں ہوسکا‘ امریکی سفیر

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ابھی مکمل طور سے نہیں ہوسکا، ہر ملک موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار ہے یہی سبب ہے کہ ہم ایک سبز اتحاد کے قیام کے ذریعہ سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی استعداد کار میں اضافہ پر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے دورہ کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امریکی سفیر نے اس موقع پر صوبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات بھی کی۔ امریکی سفیر صوبہ میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے کام میں مصروف مقامی شراکت داروں، اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندوں، مقامی غیرسرکاری تنظیموں کے رہنماؤں اور افغان پناہ گزینوں سے بھی ملے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلیٰ تعلیم اور خواتین کو با اختیار بنانے کے ذریعہ معاشی ترقی کے فروغ کیلئے امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعاون کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ امریکی سفارت خانے کے مطابق کوئٹہ میں سفیر بلَوم نے عوامی شجر کاری مہم میں شرکت کرتے ہوئے ایک پودا بھی لگایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ امریکی حکومت نے بلوچستان سمیت پاکستان بھر میں رواں سال سیلاب سے متاثر ہونیوالے ضرورت مند افراد اور آبادیوں میں نو کروڑ ستّر لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی امداد فراہم کی ہے۔ امریکی سفیر نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز اور سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے عہدیداروں سے اپنی ملاقاتوں کے دوران اس امر پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح امریکی حکومت کی اعانت سے جاری تدریسی پروگرام معاشی ترقی کی ضروریات کی تکمیل کر رہے ہیں۔ ڈونلڈ بلَوم نے بلوچستان میں کاروبار سے وابستہ خواتین کے ایک منصوبہ کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔