فضل الرحمٰن کے سمدھی حاجی غلام علی گورنر خیبرپختونخوا مقرر

24 نومبر ، 2022

پشاور اسلام آباد‘ (سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے سمدھی سابق سینیٹر حاجی غلام علی کو گورنر خیبر پختونخوا تعینات کردیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ شام گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں اپنے عہدہ کا حلف اٹھایا۔ سابق گورنر شاہ فرمان کے استعفیٰ کے بعد پی ڈی ایم جماعتوں میں اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے گورنر کا عہدہ 7ماہ سے خالی تھا جس پر سپیکر مشتاق احمد غنی قائم مقام گورنر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ پی ڈی ایم جماعتوں نے طویل مشاورت کے بعد آخر کار مذکورہ عہدہ جمعیت علمائے اسلام کو دینے پر اتفاق کیا ہے۔ جے یو آئی نے مختلف ناموں پر غور کے بعد سابق ضلع ناظم پشاور حاجی غلام علی کے نام پر اتفاق کیا ہے جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے غلام علی کی بطور گورنر خیبر پختونخوا تعیناتی کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کی۔ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید نے غلام علی سے حلف لیا۔ تقریب میں جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی، اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے حاجی غلام علی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے علیحدہ علیحدہ تہنیتی پیغامات میں انہوں نے کہا کہ حاجی غلام علی کی بطور گورنر خیبرپختونخوا تعیناتی ان کی صلاحیتوں پر ملک کے سیاسی قائدین کے اعتماد کا مظہر ہے۔