عارضی ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر میونسپل لیبر یونین کا احتجاج

24 نومبر ، 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) میونسپل لیبر یونین راولپنڈی کے ملازمین نے عارضی ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر احتجاج کیا جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے کام چھوڑ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر صدر یونین راجہ ہارون رشید، راجہ مجید جاوید احمد، نثار کیانی، عبدالوحید، پرویز چیدہ اور ملک اشفاق سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینٹری ورکرز سمیت ہمارے درجنوں عارضی ملازمین گزشتہ کئی برسوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں مگر انہیں نوکری پر مستقل نہیں کیا جا رہا جو قانون کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی طرف سے متعدد بار یقین دہانیوں کے باوجود عملاً کچھ نہیں ہو رہا جس پرہم مجبور ہوکر پھر سے سڑکوں پر آئے ہیں اگر ہمارے جائز مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر اپنے احتجاج کو 26نومبر تک ملتوی کرتے ہیں۔