قبضہ مافیا کا کردار ادا کرنے والے سب انسپکٹر اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار ) تھانہ کورال پولیس نے وردی کے نشے میں دھت ہو کر قبضہ مافیا کا کردار ادا کرنے والے سب انسپکٹر اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ایس ایس پی اپریشنز نے مبینہ پولیس گردی کی رپورٹ طلب کر لی ہے ،تھانہ کورال پولیس کو ڈاکٹر شفقت نے بتایاکہ وہ عدالت حکم کے بعد مکان میں اپنی فیملی کے ہمراہ رہائش پذیر تھاکہ سب انسپکٹر عبدالحمید وردی میں کانسٹیبل ریاض اوردیگر سفید کپڑوں میں انکے گھر چادر وچاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوگئے ، اسے تشددکانشانہ بنایااور پھر اسے فیملی کے ہمراہ کمرے میں بند کردیا۔ انہیں عدالت کا حکم نامہ دکھایاگیاتو انہوں نے حکم نامہ پھاڑ دیا۔ عبدالحمید نے سینے پر پسٹل رکھ کر جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔وردی پہن کر آنے والے تھانیدار کا تعلق تھانہ سیکرٹریٹ سے بتایاجاتاہے ۔ انکے ہمراہ آنے والے ملزم بارے مدعی مقدمہ کا کہناہے کہ وہ اس کی مرحومہ بیوی کا بھائی ہے۔