قمار بازوں سمیت 40سماج دشمن پکڑے گئے

24 نومبر ، 2022

راولپنڈی، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)قمار بازوں سمیت 40سماج دشمن پکڑے گئے۔ راولپنڈی پولیس نے مختلف واقعات میں 6ملزموں کو گرفتار کرکے 6 پستول برآمد کر لئے ۔ پولیس نے 8ملزموں کو گرفتار کرکے 7کلوسے زیادہ چرس اور10لیٹر شراب بھی برآمد کرلی۔ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 46بھکاریوں کو گرفتار کر کے راولپنڈ ی شہر کے مختلف تھانوں میں بند کروادیا گیا۔گوجر خان پولیس نے پتنگ فروش سے 100پتنگیں اور 2ڈوریں برآمد کر لیں۔تھانہ سول لائنزپولیس نے جواء کھیلنے والے 10 قماربازوں کو گرفتار کر کے داؤ پر لگی رقم 24 ہزار230 روپے، 7 موبائل فونز اور تاش کے پتے برآمد کئے ۔ رتہ امرال پولیس نے رابری اور سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی مانو گینگ سے مسروقہ رقم 78ہزار روپے 9موبائل فون اورموٹر سائیکل برآمد کر لیا۔ کیپٹل پولیس نے بھی  جر ائم پیشہ اور سماج دشمن عناصرکیخلاف مہم کے دوران 12 افراد کو گرفتار کر لیا ۔ ملزموں سے منشیات اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔