کچی آبادیوں میں سہو لتوں کی عدم فراہمی افسوس ناک ہے،شعیب سڈل

24 نومبر ، 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اقلیتی برادری کےحقوق کے تحفظ کیلئےسپریم کورٹ کے حکم پر تشکیل پانے والے ون مین کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سڈل نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت جیسے شہر میں اقلیتی برادر ی کیلئے قائم کچی آبادیوں میں زندگی کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی انتہائی افسوس کی بات ہے۔ انہوں نے سی ڈی اے، سوئی گیس اور آئیسکو کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ یہاں کے باسیوں کیلئے بنیادی سہو لت کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور جے سالک کی دعوت پر فرانس کالونی ایف سیون فور، مسکین کالونی،مشرف کالونی جی ایٹ اورجے سالک کالونی جی ایٹ ون کی کچی آبادیوں کا دورہ کیا، وہاں بسنے والوں سے انکے مسائل سے آگاہی حاصل کی، لوگوں نے انہیں بجلی، گیس اور دیگر مسائل کے حوالے سے بتایا جس پرڈاکٹر شعیب سڈل نےمتعلقہ افسران کوانکے حل کے حوالے سے موقع پر ہدایات جاری کیں۔