سینٹرل ایشین والی بال آج شروع، چار ٹیمیں پاکستان پہنچ گئیں

24 نومبر ، 2022

کراچی ( نمائندہ جنگ) بھارت نے جمعرات سے لاہور میں کھیلی جانے والی اینگرو سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔ جاز کے تعاون سے ایونٹ 29 نومبر تک کھیلا جائے گا، پاکستان والی بال فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کو ان کی حکومت نے ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی ہے۔ پاکستان نے بھارتی کھلاڑیوں کو ایونٹ کے دوران مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ دریں اثناچیمپئن شپ کے لئے ایران، سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پاکستان پہنچ گئی ہیں، میچز سنگل لیگ کی بنیاد پر ہوں گے مجموعی طور پر دس میچز کھیلے جائیں گے۔والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کے مطابق پاکستان 17 سال بعد سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ میچز دکھانے کیلئے جیو سوپر کی خدمات حاصل کی ہیں۔