سپورٹس کی سرگرمیاں طلباء کیلئے اہم ہیں، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ

24 نومبر ، 2022

راولپنڈی ( سپورٹس رپورٹر ) وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی ندیم عباس بارا نے کہا ہے کہ سپورٹس کی سرگرمیاں طلباء کی نشوونما میں اہم ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بھرپورمواقع فراہم کررہا ہے، حال میں ہونیوالی 73پنجاب گیمز 2022ء میں پنجاب سمیت ملک بھر سے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد طلبہ وطالبات نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں، 73پنجاب گیمز 2022ء سے نئے کھلاڑیوں کی بڑی کھیپ سامنے آئی ہے، نوجوان سپورٹس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ سپورٹس ڈے کے دوسرے روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رہنماء جماعت اسلامی لاہور احمد سلمان بلوچ ، مینجنگ ڈائریکٹر دار ارقم محمد یاسین خان،ڈائریکٹر محمد عارفین خان اورسپورٹس سیکرٹری دار ارقم سکول جہانگیر ایثاربھی موجود تھے، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی ندیم عباس بارا نے مزید کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے سپورٹس کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں،تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کیلئے سپورٹس میں حصہ لینا بہت ضروری ہے تاکہ وہ صحت مند رہیں، انہوں نے کہا ہے کہ مکمل صحت کے بغیر تعلیم کا حصول مشکل ہوجاتا ہے اس لئے طلبہ تعلیم کیساتھ ساتھ سپورٹس کے لئے وقت ضرور نکالیں،سپورٹس ڈے کے دوسرے روزرسہ کشی، مارشل آرٹ، فروٹ ریس اور دیگرمقابلے کروائے گئے، کھیلوں کے اختتام پر مہمان خصوصی وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب ورکن پنجاب اسمبلی ندیم عباس بارا نے پوزیشن ہولڈرز طلباوطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔