18 سالہ اسپنر ریحان احمد دورئہ پاکستان کیلئے انگلش اسکواڈ میں شامل

24 نومبر ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) انگلش کرکٹ بورڈ نےدورہ پاکستان کیلئے لیسٹر شائر کے18 سالہ لیگ ریحان احمد کو انگلش ٹیم میں شامل کرلیاہے۔ڈیبیو کا موقع ملنے وہ انگلینڈ کے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر بن سکتے ہیں۔انہیں صرف تین فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ ہے ۔ انگلینڈ کی جانب سے سب سے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر برائن کلوز تھے جنہوں نے1949 میں نیوزی لینڈ کے خلاف18 سال اور 149 دن کی عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔ ریحان احمد 13 اگست 2004 میں پیداہوئے، ریحان احمد پاکستان جونیئر لیگ کا پہلا ایڈیشن بھی کھیلنے کے قریب تھے۔ لیکن ای سی بی نے انہیں موسم سرما کا سیزن کھیلنے کیلئے جونیئرلیگ میں شمولیت سے روک دیا تھا۔ اسکواڈ میں اس سے قبل جیک لیچ واحدا سپیشلسٹ اسپنر تھے ۔ ابتدا میں انہیں صرف نیٹ بولر کی حیثیت سے بھیجا جارہا تھا۔ لیکن ابوظبی میں کارکردگی دیکھتے ہوئے انہیں باضابطہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ سہ روزہ میچ کے پہلے دن چائے کے وقفے پر ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے ریحان کو یہ خوشخبری سنائی گئی ۔ میچ میں انہوں نے8 اوورز کرائے اور 73 رنز دے کر وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ لیکن ول جیکس کا شاندار کیچ لیا۔