بطور فاسٹ بولر اسپیڈ کے ساتھ سوئنگ بھی اہم ہے،نسیم شاہ

24 نومبر ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ کبھیسوچا نہیں تھا کہ ہارڈ بال کرکٹ کھیلوں گا۔بطور فاسٹ بولر میرے لئے سوئنگ کے ساتھ اسپیڈ اہم ہے۔ 140 پلس کے ساتھ سوئنگ کرنے کیلئے کافی محنت کرنا پڑتی ہے۔ اپنا کھیل بہتر کرنے کیلئے کافی محنت کرتا ہوں۔بدھ کو ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ والد صاحب چاہتےتھے میں پڑھائی پر توجہ دوں۔ اس وجہ سے بہت ڈانٹ بھی پڑتی تھی، جب نام پاکستان ٹیم میں آیا تھا تو پورے گائوں والے مبارکباد دے رہے تھے۔ انہیں کرکٹ کا نہیں پتہ مگر فخر ہے کہ میں پاکستان کیلئے کھیلتا ہوں۔ گائوں میں صرف ٹیپ بال کرکٹ کھیل سکتے تھے، ہارڈ بال کی سہولیات نہیں تھی ۔ہارڈ بال کا پہلا گیند عبدالقادر اکیڈمی میں کرایا تھا۔ جونیئر لیول پر اچھی کرکٹ کھیلی جس کے بعد مجھے مواقع ملے۔