عمران پنڈی سے آزادی نہیں خود کو دوبارہ سلیکٹ کرنیکا مطالبہ کررہے ہیں،بلاول

27 نومبر ، 2022

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کے اعلان کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کو فلاپ شو کا سامنا کرنا پڑا، عمران خان انقلاب کے ہجوم کو کھینچنے میں ناکام رہے۔ ہفتہ کو ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کوباہر نکالنے اور نئےسربراہوں کی تقرریوں کو کمزور کرنے میں ناکام ہوگئی اور ناکامی کے بعد اب استعفوں کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، عمران خان پنڈی سے آزادی کا نہیں بلکہ خود کودوبارہ سلیکٹ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو نے سوال اٹھایا کہ کب تک خیبرپختونخوا اور پنجاب کو سیاسی سہارے کے طور پر استعمال کیا جائیگا؟ تحریک انصاف کی سیاست اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومت کب تک سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہوگی۔