حملوں کے باوجود عمران خان قوم کی قیادت کیلئے پرعزم ہیں‘ صداقت عباسی

27 نومبر ، 2022

کلر سیداں (نمائندہ جنگ) کلر سیداں سے پی ٹی آئی کی ریلی راولپنڈی جلسہ گاہ میں شرکت کیلئے مستعفی ایم این اے صداقت علی عباسی کی قیادت میں چوک پنڈوری سے روانہ ہوئی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ کے فائنل رائونڈ کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے لیڈر پر گولیوں سے حملے کئے گئے لیکن وہ پھر بھی پاکستان کی خاطر لانگ مارچ کی قیادت کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ریلی میں صدر پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں یاسر منصور، سابق ٹائون ناظم حافظ ملک سہیل اشرف، ہمایوں خان کیانی و دیگر بھی موجود تھے۔ مری کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کے پی ٹی آئی عہدیداران اور کارکنان بھی صداقت علی عباسی کے ہمراہ تھے۔ ایم سی کلر سیداں سمیت یوسیز گف، غزن آباد، بشندوٹ اور دیگر علاقوں سے جلوس چوک پنڈوری پہنچے جہاں سے مستعفی ایم این اے صداقت علی عباسی کی قیادت میں راولپنڈی کیلئے روانہ ہوئے۔ پی ٹی آئی شعبہ خواتین کی سینئر رہنما برجیس جیلانی کی قیادت میں خواتین کا قافلہ راولپنڈی روانہ ہوا۔