گیس کمپنی ملازمین کی مستقلی سے متعلق مقدمہ کو لارجر بنچ کے سامنے سماعت کیلئے مقررکرنیکا حکم

01 دسمبر ، 2022

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے ʼʼ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ملازمین کی مستقلی ʼʼسے متعلق مقدمہ کو لارجر بنچ کے سامنے سماعت کے لئے مقررکرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج بروز جمعرات تک ملتوی کردی ہے ، چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی تو سوئی سدرن گیس کمپنی کے متاثرہ ملازمین کے وکیل فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکلین ،متاثرہ ملازمین کو 1993 میں سوئی سدرن گیس کمپنی میں بھرتی کیا گیا تھا،وفاقی حکومت نے ڈیلی ویجرز سمیت کنٹریکٹ پر رکھے گئے ملازمین کی مستقلی کی پالیسی تو بنائی ہے لیکن ملازمین کی مستقلی کی پالیسی پر عمل نہیں کیا گیا ہے ،سپریم کورٹ نے بھی سوئی سدرن کے مختلف مقدمات میں کچھ ملازمین کو مستقل کیا ہے اورکچھ کو نہیں کیاہے ، جس پر فاضل چیف جسٹس نے کہاکہ ان ملازمین کے پاس ایک ہی قانونی نکتہ ہے کہ ان کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم اس کیس کو لارجر بینچ میں سماعت کے لئے مقرر کررہے ہیں ،لارجر بنچ ہی ان درخواستوں پر فیصلہ کرے گا ،بعد ازاں متعلقہ آفس کو معاملہ لارجر بنچ میں مقررکرنے کے حکم کے ساتھ کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی گئی ۔