NHAسے بھونگ انٹر چینج کی تعمیر سے متعلق پراگریس رپورٹ طلب

01 دسمبر ، 2022

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے ضلع صادق آباد کے علاقہ بھونگ میںʼʼ سکھر، ملتان موٹر وے پر انٹر چینج کی تعمیرʼʼ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)سے آئندہ سماعت تک بھونگ انٹر چینج کی تعمیر سے متعلق اب تک ہونے والی پراگریس رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ماہ جنوری 2023 تک ملتوی کردی ہے ، جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے بدھ کے روز اس حوالے سے اسی علاقہ کے ایک معروف سماجی کارکن رئیس منیر احمد کی درخواست کی سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے رپورٹ پیش کی کہ فاضل عدالت کی جانب سے بھونگ کے مقام پر انٹر چینج کی تعمیر کے سابق حکم پر وفاقی وزارت منصوبہ بندی من وعن عمل کریگی اورسکھر ملتان موٹر وے پربھونگ کے مقام پرایک نیا انٹرچینج تعمیر کیا جائے گا ،انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے وفاقی وزارت منصوبہ بندی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو احکامات بھی جاری کرد یئےہیں،جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہے ہم اس حوالے سے آپ کا یہ بیان قلمبند کر لیتے ہیں،جس پر درخواست گزار سردار رئیس منیر کے وکیل نے کہا کہ اگرچہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے یقین دہانی تو کروائی جارہی ہے ،لیکن سپریم کورٹ کے حکم کے اجراء کو بھی چھے ماہ سے زائد کا وقت گزر چکا ہے اور سائیٹ پر ابھی تک کسی قسم کا کوئی کام نہیں ہو اہے ، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی کی یقین دہانی کی بنیاد پر این ایچ اے کو سمن جاری کرتے ہوئے اس سے پراگریس رپورٹ طلب کر لیتے ہیں،بعد ازاں فاضل عدالت نے مذکورہ بالاحکم کے ساتھ کیس کی مزید سماعت ماہ جنوری 2023 تک ملتوی کردی۔