سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے ڈونرز کانفرنس جنوری میں جنیوا میں ہوگی

01 دسمبر ، 2022

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) سیلاب کے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے ڈونرز کانفرنس جنوری کے دوسرے ہفتے میں جنیوا میں منعقد ہوگی ، وزارت منصوبہ بندی آئندہ ہفتے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ سیلاب کے بعد بحالی، تعمیر نو پر مبنی چار آر ایف ایزکا ایک جامع فریم ورک شیئر کرے گی تاکہ اسے باقاعدہ طور پر ڈونر زکانفرنس میں پیش کیا جائے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت بدھ کوسیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے ڈونرز ، غیر ملکی سفارتکاروں کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی کے جوائنٹ سیکرٹری ، ممبر انفراسٹرکچر ، بین الاقوامی شراکت داروں اور تمام سفارت خانوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے جامع فریم ورک شراکت داروں کے ساتھ شیئر کیا جائیگاتاکہ وہ اس کا مطالعہ کر سکیں اور ان کی قیمتی آراء سے وزارت منصوبہ بندی کو مدد ملے گی جسے باقاعدہ طور پر جنوری میں ہونی والی ڈونرز کانفرنس میں پیش کیا جائیگا۔