کراچی ،شمسی سوسائٹی میں قتل ماں اور3 بیٹیوں کی نماز جنازہ اور تدفین

01 دسمبر ، 2022

کراچی(نمائندہ جنگ ) کراچی کی ملیر شمسی سوسائٹی میں قتل کی گئی ماں اور3 بیٹیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ماں بیٹیوں کی اجتماعی نماز جنازہ میں لواحقین، پولیس افسران اہل محلہ اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی،مقتولین کو عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا،دریں اثنا تفتیشی پولیس نے بیوی بچوں کے قتل کے ملزم فواد کے انویسٹرز کو بھی شامل تفیش کرنےکا فیصلہ کیا ہے، ملزم کےفون سے ڈیٹا حاصل کیاجارہاہے، ملزم نے دعوی کیا تھا کہ اس نے اپنےانویسٹرکی تصویر بھیجی ہے ،پولیس کو موبائل فون پر لکھ کر بیان دینے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے ،ملزم فواد نے انویسٹرز کے نام اور تفصیلات پولیس کو فراہم کردیں ، 7 انویسٹرز کے نام بھی بتائے ہیں، ملزم فوڈ انڈسٹری میں انویسٹرز کے پیسوں سے ٹریڈنگ کررہا تھا اور گزشتہ5 سے6ماہ سے منافع نہیں دے رہا تھا، انویسٹرز منافع اور اصل رقم کی واپسی کے لئے ملزم کے گھر کے چکر لگارہے تھے، ساتوں انویسٹرز کے فون اور بینک اکاؤنٹس کی چھان بین کی جائے گی۔ادھرجناح ہسپتال شعبہ ای این ٹی کےسر براہ ڈاکٹر رزاق ڈوگر کا کہنا ہے کہ بیٹیوں اور بیوی کو قتل کر نے کا والے ملزم فواد نے تیز دھار آلے سے اپنے گلے کو نشانہ بنایا جس نے سانس اور قوت گویائی کے حصے کو متاثر کیا ،ڈاکٹرز نے سانس بحال کرنے کی کوشش کی اور کامیاب رہے، معمولی سے فرق سے شہہ رگ کٹنے سے محفوظ رہی ،سانس کی نالی بحال ہونے کے بعد قوت گویائی کی تھراپی کی جائیگی۔