چیئرمین این ڈی ایم اے امریکی سفیر ملاقات،موسمیاتی تبدیلی پر تبادلہ خیال

01 دسمبر ، 2022

اسلام آباد ( نامہ نگار) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بدھ کو پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلاب زدگان کیلئے امریکی تعاون کو سراہا اور مستقبل میں این ڈی ایم اے کی جانب سے پیشگی اقدامات کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے مستقبل کیلئے تکنیکی لحاظ جدید اور موئثر لائحہ عمل کی تیاری پر زور دیا جس کی مدد سے تمام معاون اور فلاحی اداروں سمیت بین الاقوامی تنظیموں کی معاونت سے آفات سے نمٹنے کیلئے بر وقت اور پیشگی اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے دائرہ کار کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے انسانی مستقبل کو محفوظ بنانے اور مشترکہ پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے طرز پر ’’کلائمیٹ ملینیم گولز‘‘کیلئے عالمی عزم کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے این ڈی ایم اے اور FEMA کیلئے انٹر ایجنسی کوآپریٹو فریم ورک کے ذریعے باہمی معلومات اور تجربات کے تبادلے اور نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ امریکی سفیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تمام متعلقہ شراکت داروں کے تعاون سے جاری ریلیف کارروائیوں اور امریکہ کی جانب سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی منفی اثرات کے تدارک کیلئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔