پاکستان متحدہ عرب امارات کی معاونت کیلئے ہر وقت تیار ہے‘ اعظم نذیر تارڑ

01 دسمبر ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان متحدہ عرب امارات کی معاونت کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور باہمی دلچسپی و دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دوران گفتگو دونوں ممالک کے درمیان باہمی قانونی معاونت کے امور اور پاکستان کے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے مراحل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں سیلابی صورتحال کے دوران معاونت پر شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔