ممنوعہ فنڈنگ کیس،پی ٹی آئی کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کیلئے متفرق درخواست

01 دسمبر ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کیس کی جلد اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔ پی ٹی آئی نے بیرسٹر انور منصور کے ذریعے دائر درخواست میں کہا کہ 22 نومبر کو کیس سماعت کیلئے مقرر تھا لیکن ڈی لسٹ ہو گیا۔ الیکشن کمیشن رپورٹ کی بنیاد پر ایف آئی اے نے کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ ایف آئی اے بغیر اختیارات کے پی ٹی آئی رہنماوں اور مخیر حضرات (ڈونرز) کو ہراساں کر رہی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حکومتی دباو پر پی ٹی آئی کیلئے فنڈنگ سے روکا جا رہا ہے۔ درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی کہ لارجر بنچ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے ہماری درخواست پر فیصلہ سنائے۔