ٹیلیکام انڈسٹری انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک پر کام آخری مراحل میں داخل

01 دسمبر ، 2022

اسلام آباد (ساجد چوہدری) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ذریعے ٹیلی کام انڈسٹری کے انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک پر کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی کو تمام سٹیک ہولڈرز نے ٹیلی کام انڈسٹری کے انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک پراپنی سفارشات بھجوا دی ہیں، وزارت آئی ٹی نے ٹیلی کام انڈسٹری انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک کا ابتدائی مسودہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا تھا، جس پر اسٹیک ہولڈرز نے اپنی سفارشات وزارت کو بھیج دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق موبائل کمپنیوں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے وزارت آئی ٹی کے ساتھ فعال اور غیر فعال انفراسٹرکچر شیئرنگ کے بارے میں اپنی تجاویز بھجوائی ہیں، وزارت اب ان تجاویز کو شامل کرنے کے بعد ٹیلی کام انڈسٹری کے بنیادی ڈھانچے کے اشتراک کے فریم ورک کو حتمی شکل دیگی۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی کام انڈسٹری کے انفراسٹرکچر شیئرنگ کا فریم ورک لائسنس دہندگان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اپنی ٹیلی کام اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا اشتراک کرنے کےلئے ایک طریقہ کار فراہم کرے گا جس میں اسپیس، الیکٹریکل پاور، ایئر کنڈیشنگ، سکیورٹی، کیبل ڈکٹ، اینٹینا اور ٹاورز وغیرہ شامل ہیں۔ انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور نئی کمپنیوں کی شمولیت کیلئے وسیع امکانات کھولے گا۔