انگلینڈ میں سیلف آئسولیشن کی مدت 5 روزکردی گئی،اطلاق پیر سے ہوگا، ملک گزشتہ برس کی نسبت زیادہ محفوظ ہے، ہیلتھ سیکرٹری

14 جنوری ، 2022

لندن (سعید نیازی) انگلینڈ میں سیلف آئسولیشن کی مدت5روزکردی گئی،جس کا اطلاق پیر سے ہوگا۔ ہیلتھ سیکرٹری ساجد جاوید نے کہا ہے کہ دو تہائی کیسز پانچویں روز متعدی نہیں رہتے ، پانچویں اور چھٹے روز کوویڈ ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر سیلف آئسولیشن ختم کی جاسکے گی، ملک گزشتہ برس کی نسبت زیادہ محفوظ ہے،آئسولیشن مدت میں کمی سے کاروباری وتعلیمی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ دوسری جانب شیڈو ہیلتھ سیکرٹری ویس سٹریٹنگ نے سیلف آئسولیشن کی مدت میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں سیلف آئسولیشن کی مدت سات سے کم کرکے پانچ روز کر دی گئی ہے۔ ہیلتھ سیکرٹری ساجد جاوید نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پانچویں اور چھٹے روز کوویڈ ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر سیلف آئسولیشن ختم کی جاسکے گی۔ نئے قواعد کا اطلاق پیر سے ہوگا۔ ساجد جاوید نے کہا کہ یوکے ہیلتھ و سیکورٹی ایجنسی کے مطابق دو تہائی کیسز پانچویں روز کے آخر تک متعدی نہیں رہتے اور آئسولیشن کی مدت کم ہونے سے معاشی اور تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ واضح رہے کہ آئسولیشن کے قواعد کے سبب این ایچ ایس، ٹرانسپورٹ اور ایجوکیشن سمیت دیگر سیکٹرز کو بھی ورکرز کی کمی کا سامنا ہے۔ ساجد جاوید نے کہا کہ لندن اور سائوتھ ایسٹ میں انفیکشن کی سطح میں کمی آرہی ہے اور توقع ہے کہ ابھی مزید چند ہفتوں تک این ایچ ایس پر دبائو برقرار رہے گا۔ ملک گزشتہ برس کی نسبت زیادہ محفوظ ہے لیکن وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ 91 فیصد بالغ افراد کو بوسٹرڈوز لگایا جا چکا ہے۔ شیڈو ہیلتھ سیکرٹری ویس سٹریٹنگ نے سیلف آئسولیشن کی مدت میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔