حکومت کسی اور کو دے دیتا ہوں، عمران خان، وزیراعظم ہم نے بنوایا، پس بھی ہم رہے ہیں، پرویز خٹک

14 جنوری ، 2022

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی معلوم ہوئی ہے ۔ ذ رائع کے مطا بق گیس کے معاملے پر حماد اظہر اور پرویز خٹک کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی ۔ پرویز خٹک اجلاس سے غصے میں اٹھ کر چلے گئے۔ پرویز خٹک کو اجلاس میں راضی کر کے واپس بلایا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم اور پرویز خٹک آمنے سامنے آگئے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ بلیک میلنگ رہی تو حکومت کسی اور کو دے دیتا ہوں۔ وزیردفاع پرویز خٹک پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم پر تنقید کی ۔ ذ رائع کے مطا بق پر ویز خٹک نے کہا کہ آپکو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبر پختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، پرویز خٹک نے کہا کہ گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپکا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔ پرویز خٹک اور شوکت ترین کے مابین تلخ کلامی ہوگئی ۔ پر ویز خٹک نے کہا کہ شوکت ترین نہ ہمیں کابینہ میں مطمئن کر سکے نہ یہاں۔ پرویز خٹک اور عمران خان کے مابین سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ مجھے بلیک میل کر رہے ہیں سب کے سامنے، وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کو روز روز بلا کر ووٹ مانگ رہا ہوں، عمران خان نے کہا کہ میں ہر روز آئی ایم ایف سے کہہ رہا ہوں کہ ٹیکس کم کریں ۔ میرے نہ تو کارخانے ہیں میرا کوئی کاروبار نہیں ہے ،عمران خان نے کہا کہ اگر آپ کی یہی بلیک میلنگ رہی تو اپوزیشن کو دعوت دے دیتا ہوں کہ وہ آ کر حکومت کر لیں۔ نور عالم خان نے بھی وزیراعظم سے سوالات کر ڈالے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو ووٹ دے رہے ہیں کیا اس سے ہمیں گیس اور بجلی ملے گی ۔ نور عالم خان نے کہا کہ خان صاحب بتائیں کہ اس بل سے اکاونٹس کی تفصیلات امریکہ کو دی جا رہی ہیں ،نور عالم خان نے سوال کیا کہ کیا بھارت اور دوسرے ملک بھی اپنے اکاونٹس کی رسائی دیتے ہیں۔