بجلی 4روپے30پیسے فی یونٹ مہنگی،پیٹرولیم قیمت میں اضافے کا امکان، بحران گھوم گھوم کر قوم پر نازل ہورہے ہیں، شہبازشریف

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز، این این آئی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیرٹی اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں4روپے30پیسے کا اضافہ کر دیا جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں6روپے تک کے اضافے کا خدشہ ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیرٹی اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں4روپے 30 پیسے کا اضافہ کر دیا۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔نیپرا اعلامیے کے مطابق اضافی وصولیاں جنوری کے بلوں میں کی جائیں گی۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے سبب مقامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 25 پسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں5روپے50پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ ہے۔ دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے امکان پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحران گھوم گھوم کر قوم پر نازل ہورہے ہیں،حکومت فی الفور مارکیٹ میں پھیلنے والی اطلاعات پر اقدام کرے، ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے ۔ اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ 3 دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں آنے والی اطلاعات سے ملک میں پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کے خدشات ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت فی الفور مارکیٹ میں پھیلنے والی اطلاعات پر اقدام کرے، ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ عام صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی قانونی وانتظامی ذمہ داری ہے ،اگر بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی، پہلے سے خبردار کررہا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کردے گی ۔