مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسز سے جھڑپ، نوجوان شہید ، اہلکار مارا گیا، این آئی اے کا پلوامہ میں چھاپہ

14 جنوری ، 2022

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز ہونے والی ایک جھڑپ میں ایک نوجوان شہید،بھارتی فورسز کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ3فورسز اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ روزجنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے پاری ون نیلو نامی گائوں کو محاصرے میں لے لیا تھا۔ پولیس ترجمان کے مطابق سپیشل آپریشن گروپ کولگام کو ضلع ہیڈکوارٹر سے قریب 8کلو میٹر دور شوپیاں روڑ پر واقع پاری ون نیلو نامی گائوں میں بھارتی فوج کی 34آر آر اور18بٹالین سی آر پی ایف کو تلاشی مہم کے دوران مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کے چار اہلکار زخمی ہوئے۔ ان میں سے ایک کانسٹیبل روہت کمار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ اس کارروائی میں جیش محمد کا بابر بھائی ہلاک ہوگیا ۔ادھر26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔ صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کیلئے بلیک پینتھر کمانڈ کنٹرول وہیکلز اور سی سی ٹی وی کیمروں سمیت جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔بھارتی فوجی حکام نے لوگوں کے روز مرہ معمولات پر نظر رکھنے کیلئےبڑی تعداد میں عارضی بنکر قائم کئے ہیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ چھبیس جنوری کی سرکاری تقریبات سے قبل وادی کشمیر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے اور سرینگر او دیگر علاقوں میں فورسز کو انتہائی چوکس کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا، بھارتی فوجیوں اور پیرا ملٹری دستوں نے شوپیاں اور جموں اضلاع کے کئی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاںشروع کر دی ہیں۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی دارے این آئی اے نے ضلع پلوامہ میں ایک معلم فاروق احمد کے مکان پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا۔ ایجنسی نے انکا موبائل فون اور کچھ دستاویزات بھی قبضے میں لے لیں۔