منی لانڈرنگ، FIAتحقیقات رکوانے کیلئے شہبازشریف کی درخواست خارج

14 جنوری ، 2022

لاہور(این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ تحقیقات رکوانے اور مقدمہ خارج کرنے کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی۔شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسی معاملے بے نامی اکانٹس کی تحقیقات کرکے نیب نے ریفرنس دائر کر رکھا ہے، ایک ہی معاملے کی دو انوسٹی گیشن ایجنسیز تحقیقات نہیں کر سکتیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ہم نیب کا معاملہ دیکھے بغیر کیسے کہہ سکتے ہیں معاملہ ایک ہی ہے، آپ کے مطابق ایف آئی اے کا چالان جمع ہو چکا ہے آپ یہاں مقدمے کے اخراج کے لیے آئے ہیں ۔ وکیل شہباز شریف نے بتایا کہ مقدمے کے اخراج اور ٹرائل کورٹ کی کارروائی رکوانے کی درخواست ہے ۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے ٹرائل کورٹ میں کوئی اعتراض نہیں اٹھایا پھر یہ عدالت کیسے کارروائی ختم کر دے ، آپ ایک سسٹم کو چیلنج کررہے ہیں دوسرا نہیں، متعلقہ عدالت معاملے پر دائرہ اختیار استعمال کر چکی ہے، اسے فیصلہ کرنے دیں۔ شہباز شریف کے وکیل نے درخواست نئے سرے سے دائر کرنے کے لیے واپس لے لی ۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔