وزیراعظم سے تلخ کلامی کے معاملے پر پرویز خٹک کا رد عمل سامنے آگیا

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز)تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سے تلخ کلامی کے معاملے پر وزیر دفاع پرویز خٹک کا رد عمل سامنے آگیا ہے۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ کسی سے تلخ کلامی نہیں ہوئی، میں نے اپنے حق کی بات کی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ اجلاس سے اٹھ کر باہر کیوں گئے تھے تو انہوں نے کہا کہ اجلاس سے ناراض ہوکر نہیں بلکہ سگریٹ پینے باہرگیا تھا۔ جیو نیوز کے مطابق پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ اختلاف کوئی نہیں صرف گیس کی بات ہوئی تھی، وزیراعظم سے اختلاف کبھی نہیں ہوا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وزیر اعظم پر آپ کو اعتماد ہے؟ تو پرویز خٹک نے جواب دیا کہ وزیراعظم پر100فیصد اعتماد ہے، گیس کی بات ہوئی ہے پرابلم کو زیر بحث لائے ہیں، کسی مسئلے کو زیر بحث لائیں تو اسے اختلاف نہیں کہتے۔ پرویز خٹک سے جب پوچھا گیا کہ کوئی فارورڈ بلاک تو نہیں بن رہاتو انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو فارورڈ بلاک بنانے ہی نہیں دیں گے۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے اپنے چیمبر میں وزیر دفاع پرویز خٹک سے علیحدہ ملاقات کی جس میں عمر ایوب بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے بعد پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ٹی وی دیکھ کر حیران تھا جیسے میں نے کوئی طوفان کھڑا کردیا، صرف گیس کے مسائل پر ڈسکشن ہوئی، میرا سوال تھا کہ جو ہماری گیس کی اسکیمیں ہیں وہ چلنی چاہئیں، میں نے ایسی کوئی بات نہیں کہی کہ ووٹ نہیں دوں گا، یہ پارٹی کی اندرونی بات ہے، میں نے کوئی سخت بات نہیں کی، وزیراعظم کے نہ خلاف ہوں نہ ہوسکتا ہوں اور نہ ہی سوچ سکتا ہوں۔اس کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے ایوان میں چلے گئے۔