حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے کوئی بھی طریقہ آزمانا پڑ اتو اسے آزمانا چاہئے، مریم نواز

14 جنوری ، 2022

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ سیاسی جماعتوں کو بھی اب عوام کے کہنے پر چلنا پڑے گا،پہلے مجھے لگتا تھا کہ حکومت کو مدت پوری کرنی چاہئے لیکن جو حالات ہیں اس حکومت کو گھر بھجوانے کے لئے کوئی طریقہ آزمانا پڑے تو آزمانا چاہئے،مری میں لوگ سردی یا برف سے نہیں حکومت کی نا اہلی او ربے حسی سے مرے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی بلال یاسین کی رہائشگاہ جا کر ان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے بلال یاسین سے ان کی صحت کے حوالے سے آگاہی حاصل کی اور جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔مریم نواز نے کہا کہ بلال یاسین پر حملے میں جو بھی ملوث ہے ،جو بھی نام ہے اب بات چھپی نہیں رہے گی ، اگر نام کو چھپایا جارہا ہے تو نام تو سامنے آئے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی نا اہلی پر سیاسی جماعتوں کا بیانیہ تو اپنی جگہ اب تو یہ عوام کا بیانیہ ہے ،اس حکومت کی نااہلی اورنالائقی ساری دنیا کے سامنے ہے،مری کا واقعہ سب کے سامنے ہے ،مری میں لوگ برفباری یا سردی سے نہیں حکومت کی نا اہلی اور بے حسی سے مرے ہیں،وہاںخاندانوں کے خاندان مر گئے یہ بنی گالہ اور وزیر اعلیٰ ہائوس میںہیٹر لگاکر سوتے رہے،چھتیس گھنٹوں تک کوئی بھی متاثرین کی مدد کے لئے نہیں پہنچا تھا۔