پاکستان میں مہنگائی کا شدید طوفان ، کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے ،پرویز الٰہی

14 جنوری ، 2022

لاہور(آئی این پی ) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مہنگائی کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہونگے، جمہوری حکومت کی مضبوطی کیلئے عوام کی پریشانیوں کو کم کرنا ہوگا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی لاہور میں مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا کی رہائش گاہ پر پہنچے اور انکے بڑے بھائی ڈاکٹر کاظم علی آغا کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ چوہدری پرویز الٰہی کاکہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دیئے بغیر جمہوری حکومت کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی، ہمیں اندازہ ہے اس وقت ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان برپا ہے، روز بروز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پریشان ہے، حکومت کو چاہیے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو فوری حل کرے، حکومت مہنگائی کم نہیں کر سکتی تو بڑھنے بھی نہ دے۔