پاکستان میں52فیصدخواتین،16فیصد مرد ڈگری ہولڈرزبیروزگار ہیں، رپورٹ

14 جنوری ، 2022

کراچی(این این آئی)تھنک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ(پائیڈ)کی رپور ٹ کے مطابق ملک میں ڈگری ہولڈر بے روزگارو ں میں 52فیصد خواتین اور16فیصد مرد شامل ہیں۔ سرو ے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں بے روزگاروں کی موجودہ تعداد کو ملازمتیں دینے میں 10 سال لگ سکتے ہیں۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں اپنا کاروبار کرنا انتہائی مشکل اور تعلیمی نصاب روزگار کا ضامن ہی نہیں ہے، بے روزگاری ختم کرنے کیلئے 9 فیصد تک ملکی شرح نمو لازمی قرار دی گئی ہے۔ملک میں بیروزگاری 6.9 فیصد ہے جس میں پانچ اعشاریہ نو فیصد مرد جبکہ خواتین 10 فیصد ہیں جبکہ 31 فیصد ڈگری ہولڈرز نوکری کی تلاش میں ہیں۔رپورٹ کے مطابق شہروں میں دکانداری جبکہ دیہات میں کاشت کاری اور مویشی پالنا ہی روزگار کے بڑے ذرائع ہیں۔تمام افرادی قوت کوکھپانے کیلئے رپورٹ میں ملکی شرح نمو 7 سے9 فیصد تک ناگزیر قرار دی گئی ہے۔